عراق سے امریکیوں کے انخلا سے اشک و غم خوشی و مسرت میں تبدیل ہو جائیں گے۔ یہ بات ایران کی قدس فورس کے شہید کمانڈر جنرل قاسم سلیمانی کی صاحبزادی زینب سلیمانی نے کہی۔
اتوار کی شب سرداران محاذ استقامت شہید جنرل قاسم سلیمانی اور شہید ابو امہدی المہندس کی دوسری برسی کی مناسبت سے بغداد ایئرپورٹ کے قریب شہدا کی جائے شہادت پر ایک خاص پروگرام کا اہتمام کیا گیا جس میں شہدا کے اہل خانہ نے بھی شرکت کی۔
اس موقع پر حضار کو خطاب کرتے ہوئے زینب سلیمانی نے کہا کہ شہید قاسم سلیمانی اور شہید ابو مہدی المہندس کا انتقام دور نہیں ہے اور شہدا کے چلے جانے سے اشکبار آنکھوں اور غمزدہ دلوں کو عراق سے امریکیوں کے نکل جانے سے قرار آجائے گا۔
انہوں نے کہا کہ شہید قاسم سلیمانی عراق سے حقیقت محبت کرتے اور ایک مستحکم عراق کو لے کر وہ فکر مند رہتے تھے۔ جنرل سلیمانی کی صاحبزادی نے شہید ابو مہدی المہندس کو ایک عظیم ہیرو قرار دیا اور کہا کہ انہوں نے اپنی زندگی کو عراقی عوام کی آزادی اور انکے دشمنوں کے خلاف جہاد کے لئے وقف کر دیا تھا۔
اس پروگرام میں شہید ابو مہدی المہندس کی صاحبزادی منارہ جمال المہندس نے بھی اجتماع کو خطاب کیا۔ انہوں نے امریکہ اور سعودی حکام سے شہدا کا انتقام لئے جانے پر زور دیا۔
خیال رہے کہ عراق میں سرداران محاذ استقامت کی دوسری برسی کے موقع پر چار ہزار سے زائد مجالس اور پروگراموں کا اہتمام کیا گیا ہے۔ اسی سلسلے کے تحت گزشتہ شب بغداد ایئرپورٹ پر واقع شہدا کی جائے شہادت پر ایک عظیم اجتماع ہوا جس میں عراقی عوام نے بڑے جوش و ولولے کے ساتھ شرکت کی۔ جلسے کے دوران ایران و عراق کے قومی ترانے بھی چلائے گئے۔