ضلع سوات کے بالائی علاقوں ملم جبہ، کالام، گبین جبہ، میاندم و دیگر علاقوں میں ہونے والی برف باری کے بعد سڑکیں بند ہوگئی جس کے بعد ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر زاہد نوازمروت نے بالائی علاقوں میں موجود پولیس افسران اور جوانوں کو روڈ کھولنے کے لئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات اُٹھانے کی ہدایت کی جس کے بعد سوات پولیس کے جوانوں نے فوری امدادی سرگرمیاں شروع کرتے ہوئے متعدد راستوں کو فوری طور پر آمدورفت کے لئے کھول دیا۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر زاہد نواز مروت نے سوات پولیس کے افسران و جوانان کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ سیاحتی /برفیلی علاقوں میں آنے والے سیاحوں کا خاص خیال رکھا جائے اور اُن کی ہر ممکن مدد کی جائے۔ انہوں نے سیاحوں کے نام پیغام جاری کرتے ہوئے کہا کہ برفیلی علاقوں میں داخل ہونے سے پہلے اپنے گاڑیوں کو چیک کرائیں اور ساتھ ہی ٹائر چین ضرور استعمال کریں تاکہ کوئی ناخوشگوار واقع رونما نہ ہو۔