بلدیاتی انتخابات فیز 2 کے لیے ابھی تک ٹکٹوں کا حتمی فیصلہ نہیں ہوا ، مشتاق احمد غنی

بلدیاتی انتخابات فیز 2 کے لیے ابھی تک ٹکٹوں کا حتمی فیصلہ نہیں ہوا ہے اور یہ فیصلے ہم نے اکیلے نہیں بلکہ پارٹی کارکنوں کی مشاورت سے کرنے ہے۔ ان خیالات کا اظہار سپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی مشتاق احمد غنی نے ایبٹ آباد میں تحریک انصاف ورکرز کنونشن سے خطاب کے دوران کیا۔ ورکرز کنونشن میں تحریک انصاف کے صوبائی صدر پرویز خٹک اور وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے شرکت کی۔ کنونشن میں وفاقی وزیر عمر ایوب، وفاقی وزیر اعظم سواتی اور صوبائی وزیر شوکت یوسفزئی بھی موجود تھے۔ تقریب میں بطورِ میزبان سپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی مشتاق احمد غنی، ایم این اے علی خان جدون، ایم این اے صالح محمد، ایم پی اے قلندر لودھی، ممبر قومی اسمبلی عظمیٰ ریاض، ممبر صوبائی اسمبلی مومنہ باسط نزیر عباسی اور دیگر پارٹی رہنما شریک تھے۔ مشتاق غنی نے کہا کہ پرویز خٹک کی قیادت میں ہم نے سابقہ دور حکومت میں عوام کے لیے لا تعداد فلاحی منصوبوں پر کام کیا اور صوبے نے ترقی کے لاتعداد منازل طے کی ہیں جس کی وجہ سے 2018 میں خیبرپختونخوا سے تحریک انصاف نے انتخابات کو بھاری اکثریت سے جیتا، انھوں نے کہا اب موجودہ دور حکومت میں محمود خان نے اس ترقی کے تسلسل کو جاری رکھا ہوا ہے۔ بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے سپیکرخیبرپختونخوا اسمبلی نے کہا کہ ہمارے ایبٹ آباد کی چار تحصیلیں ہیں اور ہم ہر تحصیل سے کارکنوں کی مشاورت سے تین تین نام پارٹی کی اعلیٰ قیادت کو بھیجیں گے اور میرٹ پر ٹکٹ کا فیصلہ کیا جائے گا۔ انھوں نے کہا اس وقت جتنے ہمارے کارکن تحریک انصاف کے ٹکٹ سے انتخابات میں حصہ لینے جا رہے ہیں وہ سب ہمارے اپنے لوگ ہیں اور ہمارے بازو ہیں۔ مشتاق غنی نے مزید کہا کہ ایبٹ آباد کی عوام تعلیم یافتہ ہے اور انھیں گمراہ نہیں کیا جا سکتا، ایبٹ آباد کے لوگ جانتے ہیں کہ مہنگائی کی اصل وجہ کیا ہے اور وہ دیکھ سکتے ہیں کہ جتنی بھی ترقی ہوئی وہ تحریک انصاف کے دور میں ہوئی ہے۔ کنونشن میں کارکنوں کے جوش پر سپیکر اسمبلی مشتاق غنی نے کنونشن میں شریک صوبائی قیادت کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ کو ایبٹ آباد کی طرف سے فکر مند ہونے کی ضرورت نہیں ہے کیونکہ آجکا کنونشن اس بات کا ثبوت ہے کہ ایبٹ آباد تحریک انصاف کا گڑھ ہے اور بلدیاتی انتخابات میں یہ ثابت ہو جائے گا۔

Sardar Zareed

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *