خیبرپختونخوا کے وزیر برائے محکمہ اعلی تعلیم کامران خان بنگش نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کے وژن کے مطابق نوجوانوں اور کتابوں کے مابین رشتہ برقرار رکھنے کے لئے صوبے میں کتب بینی کے کلچر کو فروغ دیا جارہا ہے، اس سلسلے میں وزیراعلی خیبرپختونخوا کی ہدایت پر بکس آن ویلرزاور ڈیجیٹل لائبریری جیسے بہترین منصوبے نوجوانوں کے لیے متعارف کرائے جارہے ہیں تاکہ 21ویں صدی کے ڈیجیٹل کتب بینی کے طریقوں کو اپنایا جائے۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے محکمہ آرکائیو اینڈ لائبریریز میں پبلک لائبریریز کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔اس موقع صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ جس معاشرے میں علم کے مقابلے میں دولت کو فوقیت حاصل ہو اور عالم کو بے توقیر جانا جاتا ہو،اس معاشرے میں جہالت پروان چڑھتی ہے. انھوں نے کہا کہ قوموں کی ترقی میں نوجوانوں کا کردار اہم ہوتا ہے نوجوان اگر کتاب دوست ہوں تو علم، دلیل، مکالمہ، تہذیب اور تعلیم یافتہ کلچر عمل میں آتا ہے۔صوبائی وزیر برائے اعلی تعلیم کامران خان بنگش کا کہنا تھا کہ پبلک لائبریریز کے حوالے سے 21ویں صدی کے طریقوں کو اپنانا ہوگا، پبلک لائبریریز کو مزید ڈیجیٹلائزیشن کی طرف لے کر جانا ہوگا اور کتب بینی کے کلچر کو فروغ دینا ہوگا۔ان کا کہنا تھا کہ جدید ٹیکنالوجیز نے زندگی کے تمام شعبوں کی فعال سرگرمیوں کو تیز کیا ہے، جس سے دنیا میں ہر جگہ پر انسانوں کے طرز زندگی میں تبدیلیاں آئی ہیں مگر لائبریریز کے کردار پر زیادہ زور نہیں دی جا رہی جو کہ وقت کی اشد ضرورت ہے 21ویں صدی کے چیلنجز اور کتب بینی کے پرانے طریقوں کو ڈیجیٹلائز کرکے ایڈوانس کیا جا رہا ہے تاکہ نوجوان اس میں زیادہ سے زیادہ دلچسپی لیں اور نئے دور کے طریقوں سے مستفید ہوں۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ ہماری پوری توجہ ڈیجیٹل اور سمارٹ لائبریریز پر مرکوز ہے۔