پاکستان کے قدیر رحمان گل نے قطر کلاسیکل جونئیر چیمپین شپ کے انڈر 19فائنل میں ایرانی کھلاڑی محمد چنگانین کو سٹریٹ سیٹ میں 0-3سے شکست دیکر سونے کا تمغہ جیتا۔فائنل میں قدیر رحمان گل نے 6-11،10-12،اور8-11سے کامیابی حاصل کی۔انڈر 11کیٹیگری میں پاکستان کے فہد فہیم نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔تیسری پوزیشن کے لئے کھیلے گئے میچ میں فہد فہیم نے 1-3سے کامیابی حاصل کی۔اس میچ انہوں نے 3-11،12-10،7-11اور 4-11 کے سکور سے کامیابی حاصل کی۔اس کامیابی کے بعد ٹیم کے کوچ احمد گل نے خوشی کا اظہار کیا اور کہا کہ یہ ان کھلاڑویوں کی محنت کا نتیجہ ہے لیکن ساتھ میں ہی انہوں نے کے پی سکواش ایسوسی ایشن اور پاکستان سکواش فیڈریشن سے ناراضگی کا اظہا ر کیا اور کہا کہ ایسوسی ایشن اور فیڈریشن کو اس کامیابی کی خبر بھی ملی لیکن کسی نے مبارکباد دینے کی زحمت نہیں کی۔احمد گل نے ایک ٹیلیفونک پیغام میں کہا کہ یہ کھلاڑی اپنے خرچے پر چیمپین شپ میں شرکت کرتے ہیں لیکن کامیابی کے بعد ان عہدیداروں کو کم از کم مبارکباد دینے کی تکلیف اُٹھانی چاہیے۔